کٹھمنڈو ہنگامے: پی ایم اولی کا محفوظ اخراج مانگا، فوج کا استعفیٰ پر زور

کٹھمنڈو: نیپال میں جاری نوجوانوں کی قیادت والی تحریک نے سیاسی بحران کو شدت دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیپال کے فوجی سربراہ جنرل اشوک راج سگڈیل نے وزیراعظم کے پی شرما اولی سے مستعفی ہونے کی اپیل کی ہے۔ فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں استحکام صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب اولی اقتدار چھوڑ دیں۔
ادھر وزیراعظم اولی نے فوجی سربراہ سے گفتگو میں محفوظ راستہ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ وہ ملک سے باہر جاسکیں۔ اطلاعات کے مطابق اولی دبئی روانگی کی تیاری میں ہیں اور اس مقصد کے لیے ایک نجی طیارہ بھی تیار رکھا گیا ہے۔
اسی دوران اولی حکومت کے وزراء کو فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ایئرپورٹ منتقل کیا جارہا ہے۔ اب تک کم از کم پانچ ہیلی کاپٹر استعمال کیے گئے ہیں تاکہ وزراء کو محفوظ مقام پر پہنچایا جاسکے۔ کٹھمنڈو ایئرپورٹ اس وقت بدامنی کا مرکز بن گیا ہے، جہاں مظاہرین آتشبازی، ڈرون اور لیزر لائٹس کے ذریعے پروازوں میں خلل ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
دوسری جانب، وزیر صحت پردیپ پاوڈیل نے بدھ کو استعفیٰ دے دیا۔ اس سے قبل وزیر داخلہ اور وزیر زراعت بھی ہنگاموں کے بعد اپنے عہدوں سے علیحدہ ہوچکے ہیں۔ احتجاج کے دوران کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ مظاہرین نے صدر رام چندر پاوڈیل اور وزیراعظم اولی کی نجی رہائش گاہوں کو بھی آگ لگا دی ہے۔