علاقائی خبریںقومی

احمد آباد حادثہ: بلیک باکس محفوظ، تحقیقات میں پیش رفت

احمد آباد میں پیش آئے المناک طیارہ حادثے کے بعد تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ حکام کے مطابق ایئر انڈیا کی پرواز 171 کا بلیک باکس حادثے کی جگہ سے تقریباً محفوظ حالت میں ملا ہے، جس سے امید کی جا رہی ہے کہ حادثے کی اصل وجہ جاننے میں مدد ملے گی۔ یہ بلیک باکس دہلی میں واقع ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹیگیشن بیورو کی لیبارٹری میں تجزیے کے لیے بھیجا جائے گا۔

حادثہ جمعرات کی دوپہر پیش آیا تھا، جب لندن جانے والی بوئنگ 787 طیارہ پرواز کے 33 سیکنڈ بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں 242 میں سے 241 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں عملے کے اراکین، مسافر، میڈیکل کالج کے طلباء اور قریبی کالونی کے کچھ رہائشی شامل تھے۔

نیشنل سیکیورٹی گارڈ کی ٹیموں نے جدید اسکینرز اور سونگھنے والے کتوں کی مدد سے جائے حادثہ کی تفتیش کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک کسی بھی قسم کے دھماکہ خیز مواد یا بم کا کوئی سراغ نہیں ملا۔

مزید تحقیقات کے دوران طیارے کے پچھلے حصے میں ایک خاتون کی لاش ملی، جو ممکنہ طور پر عملے کی رکن ہو سکتی ہیں۔ یہ حصہ میڈیکل کالج کے ہاسٹل کی دیوار میں پھنسا ہوا تھا۔ کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد بھاری کرینوں کی مدد سے اسے باہر نکالا گیا۔

تحقیقاتی ٹیم اب طیارے کے تمام بکھرے ہوئے حصے جمع کرے گی اور انہیں دہلی یا کسی قریبی ایئر بیس منتقل کیا جائے گا، تاکہ طیارے کی ساخت کو دوبارہ جوڑ کر حادثے کی وجوہات کی مکمل جانچ کی جا سکے۔ بوئنگ کمپنی کے ماہرین بھی جلد جائے حادثہ کا دورہ کریں گے۔

حادثے کے مقام کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، اور پولیس و ایئر انڈیا حکام وہاں مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button