علاقائی خبریںقومی

ممتا کا دو ٹوک اعلان: بنگال میں بہار جیسی ووٹر لسٹ سازش نہیں چلے گی

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ریاست میں بہار جیسے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے ذریعے ووٹروں کو متاثر کرنے یا نتائج میں رد و بدل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات کولکتہ میں ترنمول کانگریس کے یومِ شہداء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ مغربی بنگال میں ایس آئی آر جیسے عمل کی اجازت ہرگز نہیں دیں گی۔ انہوں نے الیکشن کمیشن اور بی جے پی پر بنگال کے خلاف سازش کرنے کا الزام بھی عائد کیا، اور کہا کہ ان کا مقصد بنگالیوں کے نام ووٹر لسٹ سے ہٹانا ہے۔

الیکشن کمیشن نے حال ہی میں بہار میں ایس آئی آر کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد ووٹر لسٹ کی جامع نظرثانی ہے۔ اس عمل پر اپوزیشن جماعتوں نے شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے اور اسے دیگر ریاستوں تک توسیع دینے کی کوشش قرار دیا ہے۔

ممتا بنرجی نے ترنمول کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کے "بنگالیوں پر حملے” کے خلاف 27 جولائی کے بعد ہر ہفتے احتجاجی مظاہرے کریں۔

دوسری طرف بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ نے ممتا بنرجی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایس آئی آر صحیح طریقے سے نافذ ہوا اور آزادانہ و منصفانہ انتخابات ہوئے تو ترنمول کانگریس کا خاتمہ یقینی ہے۔

ممتا بنرجی نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما پر بھی طنز کیا اور کہا کہ وہ اپنے ہی ریاست کو نہیں سنبھال سکتے اور بنگال کے معاملات میں دخل اندازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے آسام کے ایک نوٹس پر سوال اٹھایا جو مغربی بنگال کے ایک کسان کو غیر ملکی قرار دینے کے لیے بھیجا گیا تھا۔

وزیر اعلیٰ نے خبردار کیا کہ اگر بی جے پی کی "زبان اور ثقافت پر یلغار” جاری رہی تو ان کی مزاحمت دہلی تک پہنچے گی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button