سوشل میڈیا

شلپا شیٹی اور راج کندرا پر 60 کروڑ روپے کے فراڈ کا الزام

ممبئی پولیس کی اکنامک آفینسز ونگ نے بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کے شوہر بزنس مین راج کندرا کے خلاف 60 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ کیس میں لک آؤٹ سرکیولر جاری کر دیا ہے۔

یہ معاملہ ان کی کمپنی بیسٹ ڈیل ٹی وی پرائیویٹ لمیٹڈ سے جڑا ہوا ہے، جو اب بند ہو چکی ہے۔ بزنس مین دیپک کوٹھاری کا الزام ہے کہ 2015 سے 2023 کے درمیان شلپا شیٹی اور راج کندرا نے کاروبار بڑھانے کے بہانے ان سے تقریباً 60 کروڑ روپے حاصل کیے، لیکن یہ رقم ذاتی اخراجات پر خرچ کی گئی۔

شکایت کنندہ نے بتایا کہ یہ رقم قرض کی شکل میں دی گئی تھی جسے 12 فیصد سالانہ منافع کے ساتھ واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ اس کے علاوہ، اپریل 2016 میں شلپا شیٹی نے تحریری طور پر ذاتی گارنٹی بھی دی تھی۔ تاہم، چند ماہ بعد ہی وہ کمپنی کی ڈائریکٹر کے عہدے سے مستعفی ہوگئیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے شلپا شیٹی اور راج کندرا کے ٹریول ریکارڈ کی بھی جانچ شروع کر دی ہے جبکہ کمپنی کے آڈیٹر کو بھی پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

شلپا شیٹی اور راج کندرا نے الزامات کو بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ کیس صرف ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button