نلگنڈہ بنے گا ماڈل ضلع، کومٹی ریڈی کا تعلیمی انقلاب کا اعلان

حیدرآباد، 15 جولائی: تلنگانہ کے وزیر عمارات و سڑکیں و سنیماٹوگرافی کومٹی ریڈی وینکٹ ریڈی نے متحدہ نلگنڈہ ضلع کو تمام شعبوں خصوصاً تعلیم میں مثالی ضلع بنانے کے اپنے عزم کو دہرایا ہے۔
ریاستی سیکریٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ کے عوام نے انہیں تین دہائیوں سے محبت اور حمایت دی، لیکن وہ ان کے لیے بہت کم کر پائے، اب وہ اس کا بھرپور جواب دینا چاہتے ہیں۔
اجلاس میں مہاتما گاندھی یونیورسٹی کی ترقی اور نلگنڈہ میں مجموعی تعلیمی ڈھانچے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ تعلیم کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ کومٹی ریڈی نے یونیورسٹی کی ساکھ کو بہتر بنانے کے لیے وائس چانسلر، رجسٹرار اور گورننگ باڈی کے ارکان کو مل کر کام کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی حمایت سے تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلیاں لائی جائیں گی۔ نلگنڈہ میں فارمیسی اور لا یونیورسٹی کالج کا قیام ان کا دیرینہ خواب ہے۔
اجلاس میں سرکاری ڈگری کالجوں، جونیئر کالجوں اور ہائی اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ کومٹی ریڈی نے کہا کہ وہ جلد ہی تعلیمی اداروں کی ترقی کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ سے بات کریں گے۔
اجلاس میں ایجوکیشن سیکریٹری یوگیتا رانا، ٹیکنیکل اینڈ ہائر ایجوکیشن کمشنر دیواسینا، وائس چانسلر الطاف حسین، رجسٹرار روی اور دیگر افسران موجود تھے۔