تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

کازپٹ ریلوے فیکٹری کی تیز رفتار تعمیر، 2026 میں آغاز متوقع

مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے ہفتہ کے روز کازپٹ میں زیر تعمیر ریلوے مینوفیکچرنگ یونٹ (آر ایم یو) کا مشترکہ دورہ کیا اور منصوبے کی تیز رفتار پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 500 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے بننے والی یہ فیکٹری نہ صرف ورنگل بلکہ پورے تلنگانہ کے لیے ایک تاریخی منصوبہ ہے، جس سے برسوں پرانا عوامی مطالبہ پورا ہونے جا رہا ہے۔

اس "میگا فیکٹری” میں ریلوے کوچز، انجن اور میٹرو ٹرینوں کی ڈیزائننگ اور تیاری کی جائے گی، جس سے ریاست میں جدید ٹیکنالوجی کا داخلہ ہوگا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ میں ریل نیٹ ورک کی بہتری، وندے بھارت ٹرینوں، اسٹیشنز کی جدید کاری اور رابطے میں اضافے پر مکمل توجہ دے رہی ہے۔

وزیر اشونی ویشنو نے سائوتھ سنٹرل ریلوے کے افسران سے ملاقات کی اور ریاست میں ریل کی گنجائش کو دوگنا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

جی کشن ریڈی نے کہا کہ سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ نے چار دہائیوں قبل کوچ فیکٹری کی تجویز رکھی تھی، جو اب وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حقیقت بن رہی ہے۔ اس یونٹ سے تقریباً 3,000 براہ راست ملازمتیں اور درجنوں بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

کشن ریڈی نے مزید بتایا کہ مرکزی حکومت نے ورنگل میں ٹیکسٹائل صنعت، تاریخی مندر کے منڈپ کی مرمت اور 40 ریلوے اسٹیشنز کی مقامی ثقافت کے مطابق تزئین و آرائش کی منظوری دی ہے۔ ورنگل رنگ روڈ کا آدھا کام مکمل ہو چکا ہے، اور انہوں نے ورنگل میں ہوائی اڈے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ جن افراد نے منصوبے کے لیے زمین دی ہے، ریاستی حکومت کی پالیسی کے تحت ان کی ملازمت کے لیے سفارش کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button