کنچہ گچی باؤلی اراضیات تنازعہ: چیف سیکریٹری کا اہم اجلاس

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے چیف سیکریٹری رام کرشنا راؤ کی صدارت میں سیکریٹریٹ میں ایک اہم اجلاس جمعہ کی شام 2 مئی کو منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں کنچہ گچی باؤلی زمین کے تنازعے پر سپریم کورٹ کو پیش کی جانے والی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں صنعت، محصولات، جنگلات اور عمومی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ افسران نے چیف سیکریٹری کو زمین کی ملکیت اور درختوں کی بڑے پیمانے پر کٹائی کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 16 اپریل کو اپنے حکم میں کنچہ گچی باؤلی کے متنازعہ سو ایکڑ رقبہ پر درختوں کی بحالی کا حکم دیا تھا۔ اس حکم کی روشنی میں متعلقہ حکام نے بحالی کے لیے ابتدائی منصوبے تیار کر لیے ہیں۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ رپورٹ کو حتمی شکل اگلے ہفتے ہونے والی میٹنگ میں دی جائے گی۔ چیف سیکریٹری نے زور دیا کہ عدالت میں صرف درست، مکمل اور حقیقت پر مبنی معلومات ہی پیش کی جائیں۔
اس اجلاس میں راگھونندن راؤ، جیش رنجن، نوین متل، احمد ندیم، سورنا، ایلو سنگ میرو، پرینکا ورغیس، اور ضلع کلکٹر رنگا ریڈی نارائن ریڈی نے شرکت کی۔
سپریم کورٹ نے پہلے ہی متنازعہ زمین پر درختوں کے تحفظ کے سوا تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی تھی اور حکومت سے شفاف اور واضح منصوبہ پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔