حیدرآباد میں شدید بارشوں سے سیلاب

پیر کے روز شدید بارش نے حیدرآباد شہر کو بری طرح متاثر کیا۔ کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا اور شہر کی بیشتر سڑکیں ندیوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ کاریں بہہ گئیں جبکہ کئی موٹر سائیکلیں پانی میں ڈوب گئیں۔
شہر کے نچلے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ بارش کے باعث کئی نالے اُبل گئے اور اطراف کے علاقے زیرِ آب آگئے۔ نواحی علاقوں کے تالابوں نے بھی صورتحال مزید خراب کر دی۔
دوپہر کو اچانک شروع ہونے والی اس بارش کے نتیجے میں چند منٹوں میں ہی اہم سڑکیں بند ہوگئیں، گاڑیاں رینگتی رہیں اور لوگ جگہ جگہ پھنس گئے۔ جوبلی ہلز، ٹولی چوکی، ایل بی نگر، پنجہ گٹہ، عامرپیٹ، میاپور، مادھاپور، گچی باؤلی اور پرانا شہر کے کئی علاقے شدید متاثر ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش 103.8 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ جس سے شہری زندگی مفلوج ہوگئی۔ حکام نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسم کی تازہ ترین اطلاعات سے باخبر رہیں۔