بھارت کا نیٹو چیف کو دوٹوک جواب: دہرا معیار ہرگز قبول نہیں!

بھارت نے نیٹو چیف مارک روٹے کی جانب سے روس سے تیل اور گیس کی خریداری پر "سو فیصد ثانوی پابندیوں” کی دھمکی کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے مغربی ممالک کو دہرا معیار نہ اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ "ہم اپنے عوام کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کو اولین ترجیح دیتے ہیں اور اس معاملے میں عالمی حالات اور دستیاب وسائل کی روشنی میں فیصلے کرتے ہیں۔”
ترجمان نے کہا کہ بھارت کسی بھی قسم کے دوہرے معیار کو قبول نہیں کرے گا اور مغربی دنیا کو خبردار کرتا ہے کہ وہ بھارت جیسے خودمختار ممالک کے فیصلوں میں مداخلت نہ کرے۔
نیٹو چیف نے واشنگٹن میں کہا تھا کہ روس سے تجارت کرنے والے ممالک کو صدر ولادیمیر پیوٹن سے رابطہ کر کے جنگ بندی کی بات کرنی چاہیے ورنہ یہ رویہ بھارت، چین اور برازیل پر بُری طرح اثر ڈال سکتا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکہ اور بھارت کے درمیان تجارتی کشیدگی اور روسی درآمدات پر عالمی دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔