بین الاقوامیعرب دنیا

وزیر اعظم مودی نے مالدیپ کو 4,850 کروڑ روپے کی مالی مدد کا اعلان کیا

وزیر اعظم نریندر مودی نے مالدیپ کے صدر محمد معیظو سے اہم ملاقات کے بعد اعلان کیا کہ بھارت مالدیپ کو 4,850 کروڑ روپے کی مالی امداد فراہم کرے گا۔ یہ امداد تجارت، دفاع اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دی جا رہی ہے۔

مودی نے کہا کہ بھارت مالدیپ کا سب سے قابلِ اعتماد دوست ہے اور ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ دونوں ممالک جلد دو طرفہ سرمایہ کاری معاہدہ (بائی لیٹرل انویسٹمنٹ ٹریٹی) کو حتمی شکل دینے اور آزاد تجارتی معاہدے (فری ٹریڈ ایگریمنٹ) کے لیے مذاکرات کا آغاز بھی کر چکے ہیں۔

وزیر اعظم کا یہ دورہ بھارت اور مالدیپ کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز سمجھا جا رہا ہے، خاص طور پر اس وقت جب مالدیپ کے صدر معیظو نے اپنے دورِ اقتدار کے آغاز میں "انڈیا آؤٹ” مہم کے تحت بھارتی فوجی اہلکاروں کے انخلاء کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم بھارت نے وہاں موجود فوجی اہلکاروں کو سویلین ماہرین سے بدل دیا، جو انسانی امداد اور ریسکیو آپریشنز کے لیے تعینات تھے۔

وزیر اعظم مودی کا مالے ایئرپورٹ پر صدر معیظو اور ان کے وزراء نے پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں مودی کو ریپبلک اسکوائر میں گارڈ آف آنر اور روایتی خیرمقدم بھی پیش کیا گیا۔

مودی نے اپنے بیان میں کہا، ’’میں صدر معیظو کے استقبال سے بے حد متاثر ہوا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ بھارت اور مالدیپ کی دوستی نئی بلندیوں کو چھوئے گی۔‘‘

وزیر اعظم کا یہ دورہ بھارت کی ’’نیبرہُڈ فرسٹ‘‘ اور ’’ماہا ساگر ویژن‘‘ پالیسیوں کا مظہر ہے، جس میں پڑوسی ممالک کے ساتھ قریبی تعاون پر زور دیا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button