وزیرِاعلیٰ ریونت ریڈی طاقت انتقام نہیں، عوامی فلاح کے لیے استعمال کروں گا

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے واضح کیا ہے کہ وہ اقتدار کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کریں گے، نہ کہ ذاتی انتقام کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع عوام نے دیا ہے اور اگر اسے ذاتی رنجشوں کے لیے استعمال کیا تو یہ سب سے بڑی حماقت ہوگی۔
ریونت ریڈی حیدرآباد میں شاعر اور ادیب اندیسری کی شائع کردہ کتاب حسیتا بشپالو کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق ایک عام کسان گھرانے سے ہے اور وہ 2006 سے سیاست میں عوامی خدمت کر رہے ہیں۔ "جو لوگ ماضی میں رکاوٹ بنے، ان کے خلاف بدلے کی سوچ نہیں رکھتا، اصل ذمہ داری عوامی خدمت ہے۔”
ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے 20 ماہ میں عالمی سطح پر تلنگانہ کا وقار بڑھایا ہے۔ انہوں نے مس ورلڈ مقابلے کی میزبانی کا ذکر کیا، جہاں 109 ممالک کے نمائندوں نے جیا جیا ہے تلنگانہ گایا۔ "یہی حقیقی کامیابی ہے، نہ کہ صرف عمارتوں پر رنگ و روغن کرنا۔ اصل ترقی عوام کو عزت دینا ہے، جیسے اندیرا مکانات، راشن کارڈ اور معیاری چاول کی فراہمی۔”