ہائیڈرا کا مقصد حیدرآباد کے تحفظ کا جامع منصوبہ

وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ "ہائیڈرا” (حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ ایسیٹ پروٹیکشن ایجنسی) صرف عمارتوں کے انہدام کے لیے نہیں، بلکہ جھیلوں کا تحفظ، سڑکوں کی صفائی، بجلی کی بحالی، بارشوں کے دوران ٹریفک کی روانی اور شہر کو قدرتی آفات سے بچانے کا ایک مکمل نظام ہے۔
یہ بات انہوں نے سکندرآباد کے بدھا بھون میں ہائیڈرا پولیس اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر کمشنر اے وی رنگاناتھ، راجیہ سبھا رکن انیل کمار یادو، ایم اے اینڈ یو ڈی سکریٹری کے۔ ایلمبرتی، اسپیشل چیف سکریٹری روی گپتا اور ایم ایل سی اڈنکی دایاکر بھی موجود تھے۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ 1908 کے سیلاب کے بعد نظام حکومت نے اوسمان ساگر اور حمایت ساگر جیسے ذخائر تعمیر کیے جو آج بھی شہر کو بچا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جھیلوں اور نالوں پر تجاوزات ختم نہ کی گئیں تو حیدرآباد بھی بنگلورو، ممبئی اور چنئی جیسے قدرتی آفات کا شکار ہو جائے گا۔
انہوں نے ہائیڈرا کی کارکردگی پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ مخالفت کر رہے ہیں، وہ اکثر انہی جھیلوں اور نالوں پر قابض ہیں۔ اگر مرکز کی حکومت دریاؤں کی صفائی کرے تو درست، لیکن ہم اگر موسیٰ ندی کو بچانے کی بات کریں تو اعتراض کیوں؟
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ امیروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جبکہ غریب متاثرین کو متبادل بندوبست کے ساتھ انسانیت کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے ہائیڈرا کے لیے 122 گاڑیوں کو روانہ بھی کیا، جنہیں ایمرجنسی اور قدرتی آفات میں استعمال کیا جائے گا۔