حیدرآباد کا مجوزہ یونٹی مال اب 50 منزلہ شاندار ٹاور میں تبدیل ہوگا

حیدرآباد میں تعمیر ہونے والا "یونٹی مال” اب صرف چھ منزلہ نہیں بلکہ شہر کا سب سے بلند، پچاس منزلہ ٹاور بننے جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے لیے مرکزی حکومت نے "ایک ضلع، ایک پیداوار” اسکیم کے تحت 202 کروڑ روپے منظور کیے تھے، جن میں سے 101 کروڑ روپے جاری ہو چکے ہیں۔
یہ منصوبہ ریڈورگ میں تلنگانہ اسٹیٹ لیذر انڈسٹریز پروموشن کارپوریشن کی 5.16 ایکڑ زمین پر پبلک-پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 1,500 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگا۔ نئے ڈیزائن کے مطابق، ٹاور میں پانچ بیسمنٹ ہوں گے جن میں پارکنگ اور دیگر سہولیات شامل ہوں گی، چھ منزلیں کپڑے، ہینڈ لوم اور ہنرمند مصنوعات کی نمائش کے لیے مختص ہوں گی، جبکہ 39 منزلیں کمرشل استعمال کے لیے ہوں گی۔ مجموعی رقبہ 30 لاکھ مربع فٹ ہوگا۔
وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے منصوبے کا جائزہ لیا اور افسران کو کام تیز کرنے اور جلد از جلد ٹینڈر طلب کرنے کی ہدایت دی۔ اب تک 90 فیصد کھدائی کا کام 10.1 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہو چکا ہے۔