تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

حیدرآباد میں بارش کا قہر، سڑکیں ندی بن گئیں

حیدرآباد اور سکندرآباد میں جمعرات کی شام اچانک ہونے والی طوفانی بارش نے شہر کی صورتحال کو مفلوج کر دیا۔ شدید بارش کے باعث کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک بری طرح متاثر ہوا۔ جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، پنجہ گٹہ، فلم نگر، ایررا گوڈا، یوسف گوڈا، عامرپیٹ، بورابنڈہ اور چارمینار کے علاقوں میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جبکہ متعدد مقامات پر بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہوگئی۔

محکمہ موسمیات حیدرآباد نے ریاست تلنگانہ کے لیے پیلا انتباہ جاری کرتے ہوئے 18 اور 19 ستمبر کو گرج چمک، تیز ہوائیں اور شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ کاماریڈی، میدک، سنگاریڈی، سدی پیٹ، ویکارباد، سوریاپیٹ اور ناگرکرنول میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

جی ایچ ایم سی کی میئر وجیالکشمی نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر متاثرہ سڑکوں کو کلیئر کریں اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مربوط انداز میں کام کریں۔ انہوں نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو گھروں میں محفوظ رہنے کی تلقین بھی کی۔

ادھر بدھ کی رات ایک افسوسناک واقعہ میں 26 سالہ نوجوان بارش کے پانی سے بھرے ریلوے انڈرپاس میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ وہ اسکوٹر پر گھر لوٹ رہا تھا کہ پانی کے تیز بہاؤ میں پھنس گیا۔ پولیس نے لاش برآمد کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button