تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریں

جعلی ایپل ایکسیسریز کا بڑا ذخیرہ ضبط، چار افراد گرفتار

حیدرآباد پولیس نے جعلی ایپل موبائل ایکسیسریز کا ایک بڑا نیٹ ورک بے نقاب کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان ضبط کر لیا۔ اس کارروائی میں جگدیش مارکٹ میں قائم دکانوں پر چھاپے مارے گئے اور چار دکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں وکرم سنگھ، سریش کمار راجپوروہت، ناتھارام چودھری اور محمد سرفراز شامل ہیں۔ یہ افراد ایپل کمپنی کا لوگو اور تصویریں جعلی پیکنگ پر چسپاں کر کے صارفین کو اصل سمجھا کر دھوکہ دے رہے تھے۔

چھاپے کے دوران پولیس نے 156 جعلی ایئرپوڈز، 16 پاور بینک، 430 ایپل لوگو اسٹیکرز، 295 اڈاپٹر اور کورز، 61 یو ایس بی کیبلز، 45 بیٹریاں، 95 بیک گلاس اور 1430 سلیکون کورز ضبط کیے۔

تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ یہ جعلی سامان ممبئی سے مختلف ایجنٹس کے ذریعے منگوایا گیا تھا۔ دکاندار انہیں اصلی ایپل پیکنگ جیسی دکھنے والی جعلی پیکنگ میں بند کرکے فروخت کرتے تھے تاکہ گاہک دھوکہ کھا جائیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد کے خلاف کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی اور صارفین کو دھوکہ دے کر ناجائز منافع کمانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تمام گرفتار شدگان اور ضبط شدہ مال کو مزید تفتیش کے لیے عبیدس پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button