تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی
حیدرآباد میٹرو کا انقلابی پارکنگ سسٹم، شہریوں کے لیے جلد دستیاب

حیدرآباد میٹرو ریل جلد ہی ملک کا پہلا مکمل خودکار اور جدید ترین "پزل پارکنگ” نظام عوام کے لیے کھولنے جا رہی ہے۔ یہ نظام جرمنی کی جدید پالس ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جس میں گاڑی مالک صرف گاڑی کو ٹرن ٹیبل پر کھڑا کرے گا، اور سسٹم خودکار طور پر گاڑی کو اس کے سائز کے مطابق کسی بھی فلور پر پارک کر دے گا۔
یہ 15 منزلہ کمپلیکس نامپلی کے وسط میں تعمیر کیا گیا ہے، جس میں 10 منزلیں صرف پارکنگ کے لیے اور 5 منزلیں تجارتی سرگرمیوں کے لیے مختص ہیں۔ یہاں 250 کاریں اور 200 دو پہیہ گاڑیاں پارک کی جا سکیں گی۔ منصوبے کی لاگت 102 کروڑ روپے ہے اور یہ پبلک-پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تیار کیا گیا ہے۔
چیف منسٹر ریوَنت ریڈی کی ہدایت پر اس منصوبے کو عالمی معیار کا بنانے کے لیے خصوصی توجہ دی گئی ہے اور حتمی سرکاری منظوری کے بعد جلد ہی عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔