حیدرآباد تین مضامین میں ناکامی پر انٹر کا طالبعلم خودکشی کر بیٹھا

حیدرآباد کے گھٹکیسر علاقہ کے انوجی گوڑہ میں ایک نجی کالج کے انٹرمیڈیٹ کے طالبعلم نے امتحان میں ناکامی پر دلبرداشتہ ہوکر زہر کھا لیا۔ جمعہ کے روز اسپتال میں علاج کے دوران اس کی موت واقع ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق 17 سالہ جشونت، جو انٹرمیڈیٹ سال دوم کا طالبعلم تھا، حالیہ نتائج میں تین مضامین میں ناکام ہوگیا تھا۔ یہ نتائج منگل کے روز جاری کیے گئے تھے۔ ناکامی سے مایوس ہوکر اس نے جمعرات کے دن کالج کے احاطے میں ہی زہریلا مادہ پی لیا۔
ساتھی طلباء اور کالج کے اسٹاف نے فوری طور پر جشونت کو قریبی اسپتال منتقل کیا، مگر جمعہ کو وہ جانبر نہ ہوسکا اور دم توڑ دیا۔
اس واقعے نے والدین، اساتذہ اور طلباء میں افسوس اور سنجیدہ تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ تعلیم کے دباؤ اور امتحانی ناکامی کو برداشت نہ کرپانے کے باعث نوجوانوں میں بڑھتی خودکشی کے رجحان پر ماہرین نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ والدین اور تعلیمی اداروں پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ بچوں کی ذہنی صحت پر توجہ دیں اور ایسے وقت میں ان کا حوصلہ بڑھائیں۔