کھٹمنڈو کا شاندار ہلٹن ہوٹل جل کر خاک، نیپال کی سب سے اونچی عمارت

نیپال کا سب سے اونچا ہوٹل "ہلٹن کھٹمنڈو" چند گھنٹوں میں خاکستر ہوگیا۔ یہ ہوٹل، جو سات برس کی محنت، 8 ارب روپے کی سرمایہ کاری اور جدید ڈیزائن کے ساتھ جولائی 2024 میں کھولا گیا تھا، بدھ کو پرتشدد عوامی احتجاج میں نذرِ آتش ہوگیا۔
ہلٹن ہوٹل شینکر گروپ کے تحت 2016 میں تعمیر ہونا شروع ہوا تھا۔ 64 میٹر بلند اس عمارت میں 176 سے زائد کمرے اور جدید سہولتیں موجود تھیں، جن میں پانچ ریستوران، اسپاکلب، جم، بینکویٹ ہال اور چھت پر انفینٹی پول شامل تھے۔ اس کا منفرد ڈیزائن بدھ مت کے دعا کے جھنڈوں سے متاثر تھا جبکہ بالکونیاں اور شیشے کی رنگین فصیلیں اسے کھٹمنڈو کے آسمان پر ایک نمایاں مقام دیتی تھیں۔
آگ نے ہلٹن کو مکمل طور پر تباہ کردیا، کھڑکیاں ٹوٹ گئیں، اندرونی حصے جل کر خاکستر ہوگئے اور ایک وقت کا روشن و شاندار ہوٹل اب ملبے اور راکھ کا منظر پیش کررہا ہے۔ یہ واقعہ اس بات کی علامت ہے کہ برسوں کی ترقی کس قدر نازک ہے جب ملک سیاسی بے یقینی اور عوامی غصے کی لپیٹ میں ہو۔