ہماچل پردیش بارشیں: 310 ہلاکتیں، 2,450 کروڑ سے زائد کا نقصان

ہماچل پردیش میں جاری مانسون نے زندگی اور معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 20 جون سے اب تک 310 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ان میں سے 158 افراد لینڈ سلائیڈ، فلیش فلڈ، کلاؤڈ برسٹ، ڈوبنے، بجلی گرنے اور دیگر بارش سے جڑے حادثات میں ہلاک ہوئے جبکہ 152 افراد مختلف سڑک حادثات میں لقمہ اجل بنے۔
بارش سے سب سے زیادہ جانی نقصان منڈی (29)، کانگڑا (30)، چمبا (14)، کِنور (14) اور کُلو (13) اضلاع میں ہوا۔ سڑک حادثات کی بڑی وجہ پھسلن، کم نظر اور ملبے کے ڈھیر بتائے گئے ہیں۔
ریاستی حکومت کے مطابق مجموعی نقصان کا تخمینہ 2,450 کروڑ روپے سے تجاوز کرچکا ہے۔ صرف سڑکوں کو 1,310 کروڑ کا نقصان ہوا، پانی کی اسکیموں کو 872 کروڑ اور بجلی کے ڈھانچے کو تقریباً 140 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 324 مکانات مکمل تباہ جبکہ 396 جزوی طور پر متاثر ہوئے۔ ہزاروں دکانیں، ڈیری شیڈز اور دیگر ڈھانچے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ 1,846 مویشی اور 25,000 سے زائد پولٹری پرندے ہلاک ہوئے۔
حکام کے مطابق بحالی کا کام جاری ہے لیکن بارش اور مسلسل لینڈ سلائیڈز بڑی رکاوٹ ہیں۔ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔