علاقائی خبریںقومی

جموں و کشمیر میں طوفانی بارشوں کا قہر سیلاب، انٹرنیٹ و موبائل سروس معطل، اسکول بند

جموں و کشمیر میں منگل کے روز موسلا دھار بارشوں نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا۔ وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ خدمات اچانک معطل کر دی گئیں، جس سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انتظامیہ نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر بدھ کے روز جموں ڈویژن کے تمام سرکاری و نجی اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا۔ اس دوران جموں-پٹھان کوٹ ہائی وے پر ایک پل منہدم ہوگیا جبکہ جموں-سری نگر شاہراہ پتھروں کے گرنے سے بند ہوگئی۔ زوجیلا پاس پر تازہ برفباری کے بعد سری نگر-لیہ شاہراہ بھی بند کردی گئی۔ اسی طرح سنتھن پاس اور رَزدان پاس پر بھی آمدورفت معطل ہوگئی۔

ڈوڈہ ضلع میں موسمی آفات کے باعث چار افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں دو مکان گرنے سے اور دو فلیش فلڈز میں بہہ گئے۔

جموں شہر اور اودھمپور میں دریائے توی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے، جس پر حکام نے توی پل کو بند کردیا۔ سامبا میں دریائے بسنتَر، کٹھوعہ میں دریائے اُجھ، ڈوڈہ اور رام بن میں دریائے چناب اور متعدد مقامات پر چھوٹے دریا و نالے بھی خطرناک سطح پر پہنچ گئے۔ کئی علاقے زیرآب آگئے ہیں جن میں جنپور، روپ نگر، بھگوتی نگر، گجر نگر، مَرہ اور آر ایس پورہ و اکھنور کے دیہات شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے اور ممکنہ انخلا کے لیے تیاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹے نہایت اہم ہیں، تاہم بدھ کی دوپہر کے بعد موسم میں بہتری کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button