تعلیمعلاقائی خبریںقومی

ہریانہ اسکول میں ظلم: ہوم ورک نہ کرنے پر بچے کو الٹا لٹکا کر تشدد

ہریانہ کے پانی پت میں ایک نجی اسکول میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک سات سالہ طالب علم کو صرف اس لیے کلاس روم کی کھڑکی سے الٹا لٹکا کر مارا پیٹا گیا کیونکہ اُس نے ہوم ورک مکمل نہیں کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق، متاثرہ طالب علم دوسری جماعت میں پڑھتا ہے اور مقامی مکھيجا کالونی سے تعلق رکھتا ہے۔ اسکول کی پرنسپل رینا نے بچے کے ہوم ورک نہ کرنے پر شدید غصے میں آ کر اسکول کے ڈرائیور اجے کو حکم دیا کہ وہ بچے کو سزا دے۔ پرنسپل کے حکم پر اجے نے بچے کو رسیوں سے کھڑکی پر الٹا لٹکا دیا اور بدترین تشدد کیا۔

مزید شرمناک بات یہ ہے کہ اجے نے بچے کو مارتے ہوئے اپنے دوستوں کو ویڈیو کال پر یہ مناظر دکھائے اور اس پر فخر کا اظہار کیا۔ اس دوران دیگر لوگوں نے بھی واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی جو تیزی سے وائرل ہو گئی۔ بعد ازاں ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں پرنسپل رینا خود بچوں پر ہاتھ اٹھاتے ہوئے دیکھی جا سکتی ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ مقامی لوگوں نے اسکولوں میں بچوں کی حفاظت اور سزاؤں کے غیر انسانی طریقوں پر تشویش ظاہر کی۔ متاثرہ خاندان نے پولیس سے رجوع کیا، جس پر ماڈل ٹاؤن پولیس نے متعدد دفعات کے تحت پرنسپل اور دیگر عملے کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button