گوگل ڈیپ مائنڈ نے "جنی 3” متعارف کروا دیا — مصنوعی ذہانت کی انسان جیسی سوچ

گوگل ڈیپ مائنڈ نے مصنوعی ذہانت کی دنیا میں ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے "جنی 3” پیش کر دیا ہے۔ یہ نیا نظام ایک جدید "ورلڈ ماڈل” ہے، جو اب انسانوں اور مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس کے لیے ایسے تھری ڈی مجازی ماحول تخلیق کر سکتا ہے جہاں وہ گھوم پھر سکتے ہیں، اشیاء سے تعامل کر سکتے ہیں اور ماحول کا حصہ بن سکتے ہیں۔
جنی 3 کا باضابطہ اعلان 6 اگست 2025 کو کیا گیا، جو اپنے پچھلے ورژن "جنی 2” سے کئی گنا زیادہ ترقی یافتہ ہے۔ جنی 2 ایک تصویر سے انٹرایکٹو ماحول تخلیق کر سکتا تھا، مگر وہ صرف چند سیکنڈ تک محدود ہوتا تھا اور بصری تسلسل میں بھی مسائل تھے۔ جنی 3 نے اس خلا کو پُر کرتے ہوئے نہ صرف تعامل کا وقت کئی منٹ تک بڑھا دیا ہے بلکہ اب یہ 720 پکسلز کی کوالٹی پر 24 فریم فی سیکنڈ کے حساب سے مکمل تھری ڈی دنیا تخلیق کر سکتا ہے۔
اگرچہ یہ ماڈل فی الحال عام عوام کے لیے دستیاب نہیں ہوگا، مگر مخصوص محققین اور تخلیق کاروں کو اس کی رسائی دی جا رہی ہے تاکہ ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا جا سکے اور ذمہ دارانہ استعمال کے اصول وضع کیے جا سکیں۔