غزہ کے رفح میں دھماکا، 4 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 3 زخمی

غزہ کے جنوبی شہر رفح میں ہونے والے ایک طاقتور دھماکے نے اسرائیلی فوج کو شدید نقصان پہنچایا، جس میں 4 فوجی ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ یہ دھماکا صبح 9 بج کر 15 منٹ پر جنینہ محلہ میں پیش آیا۔ واقعہ اس وقت ہوا جب فوجی قافلہ ایک D9 بلڈوزر کے ساتھ حماس کے زیرِ استعمال عمارتوں کو مسمار کرنے جا رہا تھا۔ قافلے کی ایک گاڑی سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرا گئی جس سے زور دار دھماکا ہوا۔
اس دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں 26 سالہ میجر اومری چائی بن موشے، 20 سالہ لیفٹیننٹ رون اریئلی، 22 سالہ لیفٹیننٹ ایتان آونر بن اتزحاک اور 23 سالہ رامات یوحانان شامل ہیں۔ زخمی فوجیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ دو کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے بعد سے اب تک غزہ اور سرحدی علاقوں میں جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 879 تک پہنچ گئی ہے۔