سوشل میڈیا پر ہائڈرا کے نام پر دھوکہ دہی

حیدرآباد سوشل میڈیا پر ہائڈرا کے نام اور لوگوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے ایک جعلی اکاؤنٹ سامنے آیا ہے، جس نے عوام میں غلط معلومات پھیلانے کی کوشش کی۔ تلنگانہ ڈیجیٹل میڈیا کے سابق ڈائریکٹر کونتم دلیپ نے اس معاملے کو بے نقاب کیا۔
کوناتم دلیپ نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ‘ہائیڈرا تلنگانہ’ نامی ایک ہینڈل خود کو سرکاری اکاؤنٹ ظاہر کر رہا تھا۔ اس جعلی اکاؤنٹ پر تلنگانہ حکومت کا نشان اور ہائڈرا کا اصل لوگو استعمال کیا جا رہا تھا، جس سے شہریوں کو گمراہ کیا گیا۔ انکشاف کے بعد اس اکاؤنٹ نے اپنی تفصیل میں "غیر سرکاری اکاؤنٹ” لکھ دیا۔
یہ جعلی اکاؤنٹ اب تک 9500 سے زائد فالوورز حاصل کرچکا تھا اور سرکاری نوعیت کی معلومات شیئر کر رہا تھا۔ یہاں تک کہ اس نے چیف منسٹر آفس اور ہائڈرا کمشنر کو بھی پوسٹس میں ٹیگ کیا تھا۔
کوناتم دلیپ نے اکاؤنٹ سے منسلک ایک مشتبہ فون نمبر کی نشاندہی کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کہیں اس کے پیچھے کانگریس کا آئی ٹی سیل تو نہیں ہے۔ انہوں نے حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا تاکہ سرکاری علامات کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔
اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے ہائڈرا نے اپنے سرکاری ہینڈل سے وضاحت دی کہ وہ غیر سیاسی اور غیر جانبدار ادارہ ہے اور ‘ہائڈرا واریئرز’ نامی کسی گروپ یا اس کی پوسٹس سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ ہائڈرا نے واضح کیا کہ کسی بھی سیاسی وابستگی کو قانونی طور پر نمٹا جائے گا۔