علاقائی خبریںقومی

کشمیر کے گاؤں میں قہر انگیز بادل پھٹنے سے چار جاں بحق، چھ زخمی – ریسکیو آپریشن جاری

جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے دور افتادہ گاؤں جود گھاٹی میں اتوار کی علی الصبح بادل پھٹنے کے باعث چار افراد جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق واقعہ رات بھر کی شدید بارش کے نتیجے میں پیش آیا جس سے گاؤں کا رابطہ منقطع ہوگیا اور زمین و جائیداد کو بھی نقصان پہنچا۔

یہ افسوسناک واقعہ راج باغ علاقے میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کو پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی مشترکہ ٹیم مقامی رضاکاروں کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ اب تک چار نعشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ادھر شدید بارشوں کے بعد ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی زمین کھسکنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں بگارڈ اور چانگڑا کے گاؤں شامل ہیں۔ اسی طرح لکھن پور کے دلوان-ہٹلی علاقے میں بھی لینڈ سلائیڈنگ ہوئی تاہم کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔

موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ اوجھ ندی اس وقت خطرے کے نشان کے قریب بہہ رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور پانی کے قریب جانے سے گریز کریں تاکہ مزید جانی نقصان نہ ہو۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button