لنگر حوض ڈیفنس کالونی میں مگرمچھ کی ہلچل، عوام میں شدید خوف و ہراس

حیدرآباد کے علاقے ڈیفنس کالونی لانگرحوظ میں اتوار کے روز اُس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب مسجدِ معراج کے قریب تقریباً چار فٹ لمبا مگرمچھ دیکھا گیا۔ مقامی افراد نے جیسے ہی مگرمچھ کو دیکھا تو بڑی تعداد میں لوگ موقع پر جمع ہوگئے اور حیرت کے ساتھ ساتھ خوف کا بھی اظہار کیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر وہاں پہنچی اور عوام کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ اس مقام کے قریب نہ جائیں اور مکمل احتیاط برتیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مگرمچھ قدرتی طور پر موسی ندی، حمایت ساگر اور عثمان ساگر جھیلوں میں پائے جاتے ہیں اور بارش کے موسم میں اکثر شہری علاقوں تک پہنچ جاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق شہری علاقوں میں مگرمچھ کے داخلے کی بڑی وجہ مسلسل بارش اور پانی کی سطح میں اضافہ ہے۔ پولیس اور ماہرینِ جنگلی حیات عوام سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ محتاط رہیں اور اگر کہیں مگرمچھ نظر آئے تو فوری طور پر حکام کو اطلاع دیں۔