حیات نگر میں آگ کا قہر، ۲۰ جھونپڑیاں خاکستر

حیدرآباد کے نواحی علاقے حیات نگر کے کنٹلور میں ہفتہ کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں آگ لگنے سے کم از کم ۲۰ جھونپڑیاں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق، آگ لگنے کی وجہ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ اور گیس سلنڈر سے لیک ہونے والی گیس بتائی جا رہی ہے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک جھونپڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور تیزی سے دیگر جھونپڑیوں تک پھیل گئی۔ مقامی لوگوں نے خطرہ محسوس کرتے ہی اپنی جانیں بچانے کے لیے بھاگ کر محفوظ مقامات کا رخ کیا۔ آگ کے دوران تقریباً ۱۰ گیس سلنڈروں میں دھماکے بھی ہوئے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
رہائشیوں نے آگ اور دھوئیں کو دیکھ کر فوری طور پر فائر بریگیڈ اور پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کی۔ چھ فائر انجنوں اور پولیس ٹیم کی مشترکہ کوششوں سے تین گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
حکام کے مطابق جھونپڑیوں میں موجود تنکوں اور پلاسٹک کے سامان کی وجہ سے آگ اور دھواں تیزی سے پھیلا۔ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے.