سکندرآباد :اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی عمارت میں آگ

حیدرآباد: سکندرآباد کے پٹنی علاقے میں واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی عمارت میں اتوار کی شام اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق آگ چوتھی منزل پر واقع ہوم لون اور انشورنس سیکشن میں لگی۔ جیسے ہی واقعہ کی اطلاع ملی، فائر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کا کام شروع کیا۔ شہر کے مختلف فائر اسٹیشنز سے سات فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے، جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا۔
آگ بجھانے کے لیے حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے پانی کے ٹینکر بھی فراہم کیے گئے۔ واقعہ کے وقت دفتر میں ایک شخص موجود تھا جو فوراً باہر نکل آیا، جس سے کسی جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
تاحال آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ مقامی پولیس، ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ڈی آر ایف) اور دیگر امدادی ٹیموں نے بھی فائر بریگیڈ کی مدد کی۔ پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ کے سینئر افسران، اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے عہدیداروں کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر عمارت کا معائنہ کیا۔