مظاہرین کا حملہ: نیپال کے سابق وزیراعظم کی اہلیہ زندہ جل گئیں

کھٹمنڈو: نیپال میں پرتشدد مظاہروں کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سابق وزیراعظم جھالا ناتھ کھنال کی اہلیہ راجیہ لکشمی چترکار مظاہرین کے ہاتھوں زندہ جل گئیں۔ مظاہرین نے دارالحکومت کھٹمنڈو کے علاقے ڈالو میں ان کے گھر کو آگ لگا دی، جس کے باعث وہ جھلس کر شدید زخمی ہو گئیں۔ انہیں فوری طور پر کیرتی پور برن اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
یہ ہلاکت اس وقت ہوئی جب سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف شروع ہونے والے مظاہرے شدت اختیار کر گئے۔ وزیراعظم کے پی شرما اولی کا گھر بھی نذر آتش کر دیا گیا، جس کے بعد انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
مظاہرین نے پارلیمنٹ اور دیگر رہنماؤں کے گھروں کو بھی آگ لگا دی، جبکہ کھٹمنڈو کا ہوائی اڈہ بند کر دیا گیا۔ فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے وزیروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ وزیر خزانہ بشنو پرساد پاؤڈل کو بھی سڑکوں پر بری طرح زد و کوب کیا گیا جس کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔
بھارت نے اپنے شہریوں کو فی الحال نیپال کا سفر مؤخر کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ دہلی سے کھٹمنڈو جانے والی کئی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔