کیا مریخ پر انسانی آبادکاری ممکن ہے؟ ایلون مسک جواب دیں گے!

اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے ہفتے اسٹارشپ سپر ہیوی راکٹ کے نویں ٹیسٹ سے قبل اسپیس ایکس کے ہیڈکوارٹر ’’اسٹار بیس‘‘ میں ایک اہم تقریر کریں گے، جس میں وہ مریخ پر انسانی آبادکاری کے منصوبے کی مکمل تفصیل پیش کریں گے۔
اس تجرباتی پرواز میں اسٹارشپ کی واپسی اور لینڈنگ نظام میں بہتری پر توجہ دی جائے گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ تجرباتی پرواز میں مرحلہ وار کامیابیاں حاصل ہوئی تھیں، جیسے کہ کامیاب اسٹیج جدائی اور کنٹرول کے ساتھ واپسی، لیکن دوبارہ داخلے کے دوران راکٹ ٹوٹ گیا تھا۔
ماہرین نے اب ہیٹ شیلڈ اور فلائٹ سافٹ ویئر میں اہم تبدیلیاں کی ہیں تاکہ اس بار راکٹ کو محفوظ طریقے سے پانی میں اتارا جا سکے۔
اسٹارشپ دنیا کا سب سے بڑا اور طاقتور راکٹ ہے، جس کی اونچائی تقریباً 400 فٹ ہے۔ یہ مکمل طور پر دوبارہ قابلِ استعمال ڈیزائن کیا گیا ہے، یعنی اس کا نچلا حصہ "سپر ہیوی” اور اوپر کا "اسٹارشپ” حصہ دونوں زمین پر واپس آ سکتے ہیں تاکہ جلدی دوبارہ لانچ کیا جا سکے۔
یہ راکٹ ناسا کے ’’آرٹیمس پروگرام‘‘ میں مرکزی کردار ادا کرے گا، جس کا مقصد خلا بازوں کو دوبارہ چاند پر لے جانا ہے۔ ایلون مسک کی طویل مدتی خواہش ہے کہ انسان کو ایک "کثیر سیاروی مخلوق” بنایا جائے، یعنی انسان صرف زمین پر ہی نہ رہے بلکہ مریخ جیسے دیگر سیاروں پر بھی آباد ہو۔
ایلون مسک کی تقریر میں مریخ تک پہنچنے اور وہاں رہائش اختیار کرنے کے لیے اسپیس ایکس کے مکمل لائحہ عمل کا انکشاف متوقع ہے۔