ڈبل دھماکہ جی ایس ٹی اصلاحات: مودی نے کہا عوام کو بچت، ملک کو ترقی

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو جی ایس ٹی 2.0 کو "ڈبل دھماکہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اگلی نسل کی اصلاحات بھارت کی معیشت کو نئی رفتار دیں گی اور عوام کو زیادہ بچت کا موقع فراہم کریں گی۔
وزیر اعظم نے نیشنل ٹیچرز ایوارڈ کے فاتحین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 15 اگست کو لال قلعے سے وعدہ کیا تھا کہ دیوالی اور چھٹھ سے پہلے عوام کو "ڈبل دھماکہ” ملے گا، اور اب یہ وعدہ پورا ہوا ہے۔ جی ایس ٹی کونسل نے بدھ کو دو درجے کے ٹیکس ڈھانچے (5 اور 18 فیصد) کی منظوری دی ہے جو 22 ستمبر سے نافذ ہوگا، یعنی نو راتری کے پہلے دن سے۔
وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ بغیر وقت پر تبدیلی کے ملک اپنی عالمی حیثیت کو مضبوط نہیں کر سکتا۔ انہوں نے آن لائن گیمنگ پر نئے قانون کو نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی سمت میں اہم قدم قرار دیا اور عوام سے ’سویدیشی‘ مصنوعات اپنانے اور ’وکل فار لوکل‘ مہم کو آگے بڑھانے کی اپیل کی۔