وزیر اعلیٰ کا بڑا ایکشن غیر قانونی غیر ملکی حراست میں لیے جائیں گے

آپریشن سندور کے بعد تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے بدھ کے روز پولیس حکام کو ہدایت دی کہ وہ حیدرآباد میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستان اور بنگلہ دیش کے شہریوں کو فوری طور پر حراست میں لیں۔
وزیر اعلیٰ نے تمام ہنگامی خدمات سے وابستہ ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں اور ہدایت دی کہ تمام سرکاری اہلکار خدمت کے لیے تیار رہیں۔ وزرا اور اعلیٰ حکام کو غیر ملکی دورے منسوخ کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے کمانڈ کنٹرول سنٹر میں مؤثر رابطہ نظام قائم کیا جائے تاکہ حالات پر گہری نظر رکھی جا سکے۔ ریاست بھر میں امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ پوری قوم کو بھارتی افواج کی حمایت کا مضبوط پیغام دینا چاہیے اور سیاست سے گریز کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کو ضبط کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کو خبردار کیا کہ اگر وہ میڈیا یا سوشل میڈیا پر آپریشن سندور کے متعلق متنازع بیانات دیں گے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
تلنگانہ میں ایمرجنسی صورتحال کے تحت خون، دوا اور خوراک کے ذخائر یقینی بنانے کی ہدایت جاری۔ پرائیویٹ اسپتالوں میں بستروں کی معلومات مسلسل اپ ڈیٹ کی جائے گی، عوام کے لیے ہیلپ لائن 24 گھنٹے فعال رہے گی۔ جعلی خبروں پر سخت کارروائی کا انتباہ، حکام کو سائبر سیکیورٹی کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی۔ حیدرآباد، سائبرآباد اور راچہ کنڈہ کے تمام سی سی ٹی وی کیمرے کمانڈ کنٹرول روم سے منسلک کیے جائیں گے۔