علاقائی خبریںقومی

کولکتہ میں بارش کا قہر، کرنٹ لگنے سے 10 ہلاکتیں، شہر مفلوج

کولکتہ: مغربی بنگال میں رات بھر جاری رہنے والی موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی۔ مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں سے 8 ہلاکتیں صرف کولکتہ شہر سے رپورٹ ہوئیں۔ تمام اموات کرنٹ لگنے کے باعث ہوئیں کیونکہ پانی میں ڈوبی ہوئی بجلی کی ننگی تاروں سے شہری ٹکرا گئے۔

وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے واقعے کی ذمہ داری بجلی کمپنی پر ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر بنیادی ڈھانچے کی دیکھ بھال میں کوتاہی نہ کی جاتی تو یہ اموات روکی جاسکتی تھیں۔

شدید بارش کے باعث شہر کی زندگی مفلوج ہوگئی۔ ٹرین اور میٹرو سروسز متاثر، ٹریفک جام، اور متعدد علاقوں میں بجلی و انٹرنیٹ کی فراہمی بند ہوگئی۔ کئی درگا پوجا پنڈالز پانی میں ڈوب گئے جبکہ گھروں اور رہائشی عمارتوں میں بھی پانی داخل ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر نے 39 سال بعد اتنی بڑی بارش کا سامنا کیا ہے۔ صرف 6 گھنٹوں میں 300 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، جسے ماہرین تقریباً بادل پھٹنے کے برابر قرار دے رہے ہیں۔

شدید بارش کے بعد 60 پروازیں منسوخ اور 42 تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ عدالتوں میں وکلاء اور عملہ نہ پہنچنے کے باعث سماعتیں بھی ملتوی ہو گئیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ انتظامیہ نے احتیاطاً کئی علاقوں میں بجلی منقطع کردی تاکہ مزید حادثات نہ ہوں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button