آن لائن گیمنگ پر قابو: وزیرِاعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی کابینہ نے تاریخی بل کی منظوری دے دی

آن لائن گیمنگ پر قابو پانے کے لیے مرکزی حکومت نے بڑا قدم اٹھایا ہے۔ وزیرِاعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں "آن لائن گیمنگ بل” کی منظوری دی گئی، جس کا مقصد گیمنگ ایپس کے غلط استعمال، آن لائن دھوکہ دہی اور غیر قانونی بیٹنگ کو روکنا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بل میں واضح کیا گیا ہے کہ جو لوگ آن لائن گیمنگ پلیٹ فارمز کا غلط استعمال کریں گے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ حکومت نے اس صنعت میں تیزی سے بڑھتے دھوکہ دہی کے کیسز اور غیر قانونی سرگرمیوں کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا ہے۔
بل کے تحت شرط لگانے والے ایپس اور پلیٹ فارمز کو سخت ضابطوں میں لایا جائے گا، جبکہ عام تفریحی گیمنگ پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ بل نہ صرف مالی دھوکہ دہی کو روکے گا بلکہ قومی سلامتی کے پہلو کو بھی مدنظر رکھے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت ایسے بیٹنگ ایپس کو "گناہ کی اشیاء” کے زمرے میں شامل کرنے پر غور کر رہی ہے، جس پر ٹیکس 40 فیصد تک لگ سکتا ہے۔ ساتھ ہی مشہور شخصیات اور انفلونسرز کو ان ایپس کی تشہیر سے روکنے کی شق بھی بل میں شامل کی گئی ہے۔