آپریشن سندور کے بعد حیدرآباد میں سیکیورٹی سخت

آپریشن سندور کے بعد پیدا ہونے والی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی نے حیدرآباد میں سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے پولیس اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ شہر میں کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر گہری نظر رکھی جائے اور فوری کارروائی کی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے حکم دیا کہ تمام غیر قانونی مقیم پاکستانی و بنگلہ دیشی باشندوں کو فوری حراست میں لیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام غیر ملکی سفارتی دفاتر، آئی ٹی کمپنیوں اور دفاعی مراکز کی سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے، جب کہ جرائم پیشہ افراد پر خصوصی نگرانی رکھی جائے۔
ریونت ریڈی نے تمام اہم محکموں، خاص طور پر طبی، شہری سہولیات اور برقی خدمات کو ہدایت دی کہ وہ 24 گھنٹے عوام کو دستیاب رہیں اور ہنگامی حالات کے لیے ایک ٹول فری ہیلپ لائن فراہم کی جائے۔ کمانڈ کنٹرول سینٹر میں مؤثر معلوماتی نظام قائم کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ اس وقت سیاست کی نہیں بلکہ قوم کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ تمام وزراء، افسران اور سرکاری ملازمین کو ہمہ وقت دستیاب رہنے کی ہدایت دی گئی اور غیر ضروری بیانات سے باز رہنے کا سخت حکم دیا گیا۔
انہوں نے خون کے ذخیرے، ادویات اور کھانے کی اشیاء کی تیاری، سائبر سیکیورٹی پر کڑی نگرانی، اور امن میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی تاکید کی۔