ریونت ریڈی کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات، تعلیم میں نیا اشتراک

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے حال ہی میں بھارت میں برطانوی ہائی کمشنر لنڈی کیمرون سے ملاقات کی، جس میں تعلیم، سائنس اور ترقی کے مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے دوران برطانوی ہائی کمشنر نے تلنگانہ کے ہونہار طلبہ کے لیے برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی غرض سے مشہور چیوننگ اسکالرشپ پروگرام کو مشترکہ طور پر فنڈ کرنے کی پیشکش کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ریاست میں تیار کی جارہی نئی تعلیمی پالیسی کا مسودہ بھی پیش کیا، جس پر لنڈی کیمرون نے تلنگانہ کے سرکاری اساتذہ اور پروفیسروں کو برطانیہ کی جانب سے خصوصی تربیت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں مستقبل میں مزید اشتراک اور سرمایہ کاری کے امکانات روشن دکھائی دیے۔ اجلاس میں ڈپٹی ہائی کمشنر گیریتھ وِن اوون، پولیٹیکل اکانومی ایڈوائزر نلینی راگھورام، وزیر اعلیٰ کے خصوصی سیکریٹری اجیت ریڈی اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی شریک ہوئے۔