حیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

ریونت ریڈی کا شمس آباد میں حاجیوں کے لیے رباط کا اعلان

وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے حج ہاؤس سے روانہ ہونے والی حج زائرین کی بسوں کو جھنڈی دکھانے کے بعد ایک اہم اعلان کیا کہ شمس آباد ایئرپورٹ کے قریب مامڑی پلی میں حج رباط تعمیر کیا جائے گا، جہاں زائرین حج روانگی سے قبل دو سے تین دن قیام کر سکیں گے۔ انہوں نے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد حج رباط کی تعمیر مکمل کریں اور اس کی مؤثر نگرانی کے لیے منصوبہ تیار کریں۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت نے حج ہاؤس میں زائرین کے لیے بہتر سہولیات فراہم کی ہیں اور آئندہ بھی مسلمان برادری کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انڈرما ہاؤسنگ اسکیم اور روزگار کے مواقع میں مسلمانوں کے لیے مختص کوٹہ ضرور دیا جائے گا۔

انہوں نے پرانے شہر کی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ میٹرو ریل، سڑکوں کی ترقی اور میر عالم ٹینک کی خوبصورتی جیسے کئی منصوبے منظوری کے بعد عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے بے روزگار نوجوانوں سے راجیو یووا وکاسم اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی۔

تلنگانہ حج کمیٹی کے صدر سید غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشا نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے حج کیمپ کے لیے چھ کروڑ روپے فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال درپیش چیلنجز سے سیکھتے ہوئے، اس بار حج زائرین کے لیے تربیتی کیمپس منعقد کیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے سفر کے لیے بہتر طور پر تیار ہو سکیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button