بالا پور کا مشہور گنیش لڈو 35 لاکھ میں نیلام

حیدرآباد کے بالا پور میں ہر سال منعقد ہونے والی روایتی گنیش لڈو کی نیلامی اس بار بھی شاندار رہی۔ اس سال یہ مقدس لڈو 35 لاکھ روپے کی ریکارڈ قیمت میں خریدا گیا۔ کرمان گھاٹ کے لنگالہ دشرتھ گوڑ نے یہ لڈو خریدا اور رقم موقع پر ہی ادا کی۔
یہ پچھلے 31 سالوں میں سب سے زیادہ قیمت ہے۔ یاد رہے کہ نیلامی کا آغاز 1994 میں ہوا تھا اور تب سے یہ لڈو محض پرساد نہیں بلکہ عقیدے اور خوش بختی کی علامت بن چکا ہے۔ ہر سال اس کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پچھلے سال شنکر ریڈی نے یہ لڈو 30.01 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔
نیلامی میں شرکت کے لیے اس بار سات افراد نے گزشتہ سال کی قیمت کے برابر ایڈوانس رقم جمع کرائی تھی۔ نیا اصول یہ ہے کہ ہر خریدار کو پچھلی قیمت کے برابر ایڈوانس دینا لازمی ہے تاکہ نیلامی کا عمل شفاف رہے۔ اس سال بولی کی قیمت 40 لاکھ روپے تک جانے کی امید تھی، لیکن بالا پور گنیش اُتسَو کمیٹی نے نیلامی جلد ختم کرکے فاتح کا اعلان کردیا۔ کمیٹی کا اصول ہے کہ ہر سال پچھلی قیمت سے صرف 3 سے 5 لاکھ روپے اضافہ کیا جائے تاکہ اگلے سال بھی دلچسپی برقرار رہے۔
یہ لڈو 21 کلو وزنی ہے، جسے 2 کلو خالص چاندی کے برتن میں سجا کر سنہری ورق سے ڈھانپا گیا تھا۔ نیلامی کا عمل صبح 10:45 بجے شروع ہوا اور صرف 10 منٹ میں مکمل ہوگیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ حاصل ہونے والی رقم مندر، تعلیم، فلاحی اور ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جاتی ہے۔ عوام کا عقیدہ ہے کہ یہ لڈو خوش بختی اور خوشحالی لاتا ہے۔