حیدرآباد: برقی انجینئر کے گھروں پر اے سی بی چھاپے، 200 کروڑ کی جائیداد برآمد

حیدرآباد میں محکمہ انسدادِ رشوت ستانی (اے سی بی) نے منگل کے روز محکمہ برقی کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے گھروں اور جائیدادوں پر بڑے پیمانے پر چھاپے مارے۔ یہ کارروائی آندھرا پردیش اسٹیٹ الیکٹریسٹی ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل ڈویژنل انجینئر (اے ڈی ای) امبیڈکر کے خلاف طویل عرصے سے زیرِ التواء شکایات کی بنیاد پر کی گئی۔
اے سی بی کی 15 سے زائد ٹیموں نے بیک وقت 18 مختلف مقامات پر تلاشی لی، جن میں حیدرآباد، رنگا ریڈی، میدک اور نظام آباد کے علاقے شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران عہدیدار کے گھروں اور اس کے مبینہ بے نامی دار ستیش کی رہائش گاہ سے 2 کروڑ روپے نقدی برآمد کی گئی، جو بڑی تعداد میں نوٹوں کی شکل میں الماریوں اور بیگز سے ملی۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ امبیڈکر نے بھاری غیر محسوب دولت اکٹھی کی ہے۔ اس کی ملکیت میں گچی باؤلی اور دیگر پرکشش علاقوں میں قیمتی پلاٹ، فارم ہاؤس اور زرعی زمینیں شامل ہیں۔ ابتدائی اندازے کے مطابق اس کی جائیدادوں کی مالیت 200 کروڑ روپے تک پہنچ سکتی ہے۔
اے سی بی حکام کا کہنا ہے کہ چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے اور مزید حقائق سامنے آنے پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔