ضوابط اور آزادی میں توازن ملک کی ترقی کی کنجی: نرملہ سیتارمن

مرکزی وزیر مالیات نرملہ سیتارمن نے مقابلہ جاتی کمیشن آف انڈیا (سی سی آئی) کے 16 ویں یوم تاسیس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے ضوابط اور آزادی کے درمیان صحیح توازن قائم کرنا بے حد ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی سی آئی کا کردار نہ صرف منڈی میں منصفانہ مقابلے کو فروغ دینا ہے بلکہ کاروباری ترقی کو بھی ممکن بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی منڈیاں جو مقابلے پر مبنی ہوں، ایک مضبوط، منصفانہ اور اختراع پسند معیشت کی بنیاد ڈالتی ہیں، جو ملک کو 2047 تک "وِکست بھارت” بنانے کے ہدف کی طرف لے جائے گی۔
نرملہ سیتارمن نے جدید ٹیکنالوجی، خاص طور پر مصنوعی ذہانت کی ترقی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اس سے شفافیت، ڈیٹا کی رسائی، الگوردم کی جانبداری، اور عالمی سطح پر کاروباری اجارہ داریوں کے خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ڈیجیٹل اجارہ داریوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی اشتراک اور تیز رفتار ریگولیشن کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے کاروباری انضمام اور معاہدے، جو منڈی میں مقابلے کو نقصان نہیں پہنچاتے، ان کی منظوری کے لیے ریگولیٹری عمل کو بھی آسان اور تیز تر بنایا جانا چاہیے۔
اس موقع پر وزیر موصوفہ نے پبلک پروکیورمنٹ افسران کے لیے تشخیصی ٹول کٹ اور کاروباری معاہدوں سے متعلق سوال و جواب کا مجموعہ بھی جاری کیا۔