
حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند کو دبئی میں منعقدہ ورلڈ پولیس سمٹ 2025 میں "ایکسلیسنس ان اینٹی نارکوٹکس ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ اُن کی قیادت میں حیدرآباد نارکوٹکس انفورسمنٹ وِنگ (HNEW) کی جانب سے منشیات کے خلاف کی گئی کامیاب کارروائیوں، آگاہی مہمات اور اختراعی طریقہ کار پر دیا گیا۔
یہ بین الاقوامی تقریب دبئی پولیس کی میزبانی میں 13 سے 16 مئی کے درمیان منعقد ہوئی، جس میں دنیا بھر کے 138 ممالک کے پولیس افسران نے شرکت کی۔ ایوارڈ تقریب دبئی پولیس آفیسرز کلب میں منعقد ہوئی، جہاں سی وی آنند کو اعزاز پیش کیا گیا۔
اس موقع پر سی وی آنند نے کہا کہ حیدرآباد نارکوٹکس ونگ کی کامیابی صرف ٹیم ورک اور مسلسل محنت کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ انھوں نے ٹیم کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ کامیابی صرف تلنگانہ پولیس ہی نہیں بلکہ پورے بھارت کے لیے فخر کی بات ہے۔
انہوں نے بتایا کہ HNEW کی طرف سے تعلیمی اداروں میں منشیات مخالف کمیٹیاں، طلبہ میں شعور اجاگر کرنے کی مہم، ڈرگ اسمگلنگ کی نگرانی، منشیات فروشوں کی گرفتاری اور بازآبادکاری جیسے اقدامات اس کامیابی کی بنیاد بنے۔
دبئی سمٹ میں 12 ممالک سے تعلق رکھنے والے افسران کو قانون نافذ کرنے والے مختلف شعبوں میں اعزازات دیے گئے۔