کینسر کے مریض نے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کا 12 لاکھ روپے امداد پر شکریہ ادا کیا

ضلع سدی پیٹ کے انسناپلی گاؤں سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ سری سلہ سائی چرن جو ایک خطرناک بیماری بلڈ کینسر (ایکیوٹ مائیلائڈ لیوکیمیا) میں مبتلا تھے، نے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی سے مالی امداد حاصل کی۔ سائی چرن نے اپنے علاج کے لیے اپنا مکان بھی بیچ دیا اور اپنی تمام جمع پونجی خرچ کر دی، لیکن علاج کے اخراجات مکمل نہ ہو سکے۔
اس کٹھن صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے پہلے مرحلے میں 5 لاکھ روپے کی مالی مدد فراہم کی۔ بعد ازاں جب اسٹیم سیل ٹرانسپلانٹ کے لیے مزید 7 لاکھ روپے درکار ہوئے تو وزیر اعلیٰ نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے یہ رقم بھی فوری طور پر منظور کی۔
علاج کی کامیابی کے بعد سائی چرن اپنی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ 14 مئی بروز بدھ سکریٹریٹ پہنچے اور وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سائی چرن نے اپنی زندگی بچانے کے لیے دی گئی مدد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے خود اپنے ہاتھوں سے سائی چرن اور ان کی اہلیہ کو 7 لاکھ روپے کا چیک دیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت ہر اس شخص کے ساتھ کھڑی ہے جو زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہو۔