کوہیڈا اراضی قبضہ: ہائیڈرا چیف کا دورہ، کارروائی کا اعلان

کوہیڈا، عبدﷲ پور میٹ ہائیڈرا کے کمشنر اے وی رنگناتھ نے بدھ کے روز کوہیڈا کے راجا جی نگر لے آؤٹ کا دورہ کیا، جہاں مکینوں نے سامریڈی بالا ریڈی نامی شخص پر زمین پر قبضے کی شکایت کی تھی۔
یہ شکایت ہائیڈرا کے "پراجاوانی” پروگرام کے دوران درج کی گئی تھی، جس میں بتایا گیا کہ بالا ریڈی نے جعلی دستاویزات کے ذریعے ان کی پلاٹس پر قبضہ کر لیا ہے۔ مقامی افراد نے یہ بھی الزام لگایا کہ 17 ایکڑ پر مشتمل لے آؤٹ کے اندر پارکوں اور سڑکوں کو غیرقانونی طور پر ملا کر قبضہ کیا گیا ہے، جہاں تقریباً 190 پلاٹس موجود ہیں۔
پہلی شکایت کے بعد، ہائیڈرا کے افسران نے کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا تھا اور اندرونی سڑکوں پر سے قبضے ختم کیے تھے۔
تاہم، بالا ریڈی کی جانب سے دوبارہ تعمیرات شروع کرنے کی کوشش پر حالات کشیدہ ہو گئے۔ متاثرین کے مطابق جب انہوں نے مداخلت کی تو ان پر حملہ کیا گیا۔ ایک متاثرہ شخص نے کمشنر کو بتایا کہ حملے میں اسے شدید زخم آئے اور سر پر 12 ٹانکے لگے۔
کمشنر رنگناتھ نے اعلان کیا کہ تمام غیرقانونی قبضے ختم کیے جائیں گے اور اصل لے آؤٹ کے مطابق سڑکوں اور پارکوں کی حفاظت کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سامریڈی بالا ریڈی کے خلاف غیرقانونی قبضے اور حملے کے سلسلے میں فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔
بعد ازاں، کمشنر نے کوہیڈا میں ایک نئے بنے تالاب کا بھی دورہ کیا اور ان شکایات کا جائزہ لیا جن میں مقامی افراد نے کہا کہ ان کی زمینیں زیرِ آب آ گئی ہیں۔