ریت میں ابھرا کے سی آر کا چہرہ، کویتا کی ہر گھر تک اپیل

حیدرآباد: بی آر ایس کی ایم ایل سی کے کویتا نے پارٹی کے سلور جوبلی تقاریب کو "تلنگانہ کا تہوار” قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 27 اپریل کو ایلکاتورتی میں ہونے والے عظیم الشان جلسے میں بھرپور شرکت کریں اور خودداری کی آواز بلند کریں۔
کویتا نے کہا کہ یہ جلسہ صرف ایک سیاسی تقریب نہیں بلکہ تلنگانہ کے عوام کے لیے ایک جشن کی مانند ہے، جہاں ہر گھر سے شرکت ضروری ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ موقع ہے اُن "غداروں” کو جواب دینے کا، جو تلنگانہ کی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں۔
جمعہ کے روز کویتا نے پارٹی صدر کے چندرشیکھر راؤ کی ایک شاندار ریت کی مورتی ورچوئل انداز میں جاری کی، جو اڑیسہ کی پوری بیچ پر بنائی گئی ہے۔ اس مورتی میں کے سی آر کی تصویر، ’چلو ورنگل‘ کا نعرہ اور پارٹی کے پچیس سالہ سفر کی اہم کامیابیاں نمایاں کی گئی ہیں۔
یہ فن پارہ سینئر بی آر ایس لیڈر رویندر یادو نے اپنی ذاتی عقیدت کے اظہار اور 27 اپریل کے جلسے کی تشہیر کے لیے تیار کروایا۔
کویتا نے اس فن پارے کو پارٹی کی قیادت اور وراثت کے لیے ایک تخلیقی خراج تحسین قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ کے عوام اس موقع پر بھرپور شرکت کر کے اپنے اتحاد کا ثبوت دیں۔