حیدرآباد جوبلی ہلز میں بڑی چوری بے نقاب، 40 گرام سونا برآمد، 2 گرفتار

حیدرآباد کے جوبلی ہلز پولیس نے ایک عادی مجرم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرتے ہوئے تقریباً 40 گرام سونے کے زیورات اور نقد رقم برآمد کرلی۔ گرفتار ہونے والوں میں 21 سالہ کولی پکالا منیکنتا عرف مانی/نانی اور 46 سالہ لِنگالا انیل کمار شامل ہیں۔
منیکنتا، سوماتی گڈا کا رہائشی اور پیشے سے کیٹرنگ ورکر ہے، جس کا تعلق مشرقی گوداوری، آندھرا پردیش سے ہے۔ وہ پہلے بھی چوری اور غیر قانونی داخلے کے 7 مقدمات میں ملوث رہا ہے۔ اس نے جوبلی ہلز اور میاپور میں چار وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
انیل کمار، چیتنیہ پوری، رنگا ریڈی کا تاجر ہے، جس نے چوری شدہ سونے کے زیورات خریدے تھے۔ پولیس نے اس کے قبضے سے سونے کی انگوٹھی، چوڑیاں اور بالیاں برآمد کیں۔
منیکنتا کے قبضے سے سونے کی چین، انگوٹھی، پُستلُو، بالیاں اور 2500 روپے نقد رقم برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق یہ تمام سامان دن دہاڑے گھروں میں گھس کر چوری کیا گیا تھا۔
پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ دیگر ممکنہ وارداتوں سے ان کا تعلق واضح ہوسکے۔ جوبلی ہلز پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔