دھان کے تھیلوں سے سڑک بند، کسانوں کا سرسلہ میں شدید احتجاج

تلنگانہ کے سرسلہ ضلع کے گمبھیراو پیٹ منڈل میں کسانوں نے دھان کی خریداری میں تاخیر کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ کسانوں نے سڑک پر دھان کے تھیلے رکھ کر راستہ روکو احتجاج کیا اور ضلع کلکٹر سمیت دیگر افسران کے خلاف نعرے بازی کی۔
کسانوں کا کہنا تھا کہ خریداری مرکز کو ایک ہفتہ قبل شروع کیا گیا تھا، مگر اب تک دھان کی خریداری کا عمل شروع نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کلکٹر اور مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین فوری طور پر خریداری مرکز آئیں اور مسئلے کا حل نکالیں۔
کسانوں نے الزام لگایا کہ آئی کے پی حکام کی جانب سے خریداری میں تاخیر کو ٹرکوں کی کمی اور الاٹمنٹ نہ ہونے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے، جو کہ ریاستی حکومت کی کسانوں کے مسائل پر لاپروائی کو ظاہر کرتا ہے۔
پانچ روز قبل تقریباً 1200 تھیلوں کا وزن کیا گیا، مگر گاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث وہ ابھی تک مرکز پر ہی پڑے ہیں۔ کسانوں نے سوال اٹھایا کہ اگر غیر موسمی بارشوں سے دھان بھیگ جائے تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟
کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر دھان کی خریداری کا عمل تیز کیا جائے تاکہ انہیں مزید پریشانی نہ ہو۔