تعلیمتلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

تلنگانہ میں نوجوانوں کے لیے بڑا قدم: 65 جدید ٹیکنالوجی مراکز قائم، ہر طالب علم کو ماہانہ 2000 روپے وظیفہ

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے ریاست کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور روزگار فراہم کرنے کے لیے 65 جدید ٹیکنالوجی مراکز (ATCs) کا افتتاح کیا۔ یہ مراکز پرانے آئی ٹی آئیز کو اپ گریڈ کرکے جدید سہولیات سے لیس کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو عملی اور جدید پیشہ ورانہ تربیت دی جا سکے۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ اگلے تعلیمی سال سے ہر ATC طالب علم کو ماہانہ 2000 روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ: یہ خرچ نہیں بلکہ آپ کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔ محنت اور لگن ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت ایک نیا محکمہ قائم کرے گی جو طلبہ کو روزگار کے مواقع، پاسپورٹ، اور بین الاقوامی ملازمتوں کے لیے سہولت فراہم کرے گا۔

انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ریاست کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ: 2047 تک تلنگانہ کو 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانا ہمارا ہدف ہے اور نوجوانوں کی تکنیکی مہارت اس خواب کو حقیقت بنائے گی۔

اس منصوبے کے تحت حکومت نے 300 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں جبکہ ٹاتا ٹیکنالوجیز نے 2100 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ آئندہ سال مزید 51 ATCs شروع کیے جائیں گے، یوں کل تعداد 116 ہو جائے گی۔

ریونت ریڈی نے زور دیا کہ محض ڈگری کافی نہیں، عملی ہنر ہی روزگار دلاتا ہے۔ ATCs طلبہ کو بھارت سمیت جرمنی، جاپان، روس اور جنوبی کوریا جیسے ممالک میں بھی روزگار کے مواقع دلانے کے لیے تیار کریں گے۔

تقریب میں وزراء، عوامی نمائندے، افسران اور ٹاٹا ٹیکنالوجیز کے نمائندے شریک ہوئے جبکہ کئی طلبہ اور رہنما ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پروگرام میں شامل ہوئے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button