تلنگانہ میں موسلا دھار بارش، ٹریفک جام اور پروازیں متاثر

تلنگانہ میں جمعہ کی صبح ہونے والی موسلا دھار بارش نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے۔ سب سے زیادہ بارش نروا، ضلع نرائن پیٹ میں ریکارڈ کی گئی، جہاں ساڑھے تین گھنٹے میں 44.3 ملی میٹر بارش ہوئی۔ مجاہدپور، ضلع وکارآباد میں 44 ملی میٹر جبکہ دبیرپورہ، حیدرآباد میں 28.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
حیدرآباد کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک بری طرح متاثر ہوا۔ خاص طور پر مدھاپور، گچی باؤلی اور کنڈاپور میں گاڑیاں رینگتی رہیں۔ سائبر آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو صبر و تحمل کے ساتھ ڈرائیونگ کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے حکام کو ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی اور دیگر اداروں کو فوری طور پر پانی نکالنے اور ٹریفک مسائل حل کرنے کا حکم دیا۔
محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے لیے اورنج الرٹ جاری کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ 50 سے 85 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نشستہ علاقے، کھلے مین ہولز اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔