فلسطینی ریاست کی حمایت: برطانیہ پر 2 ٹریلین پاؤنڈ کا دباؤ، اٹلی میں شدید احتجاج

فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے اور اسرائیل کے خلاف جاری کارروائی پر عالمی سیاست میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ برطانیہ کو فلسطینی قیادت کی جانب سے برطانوی مینڈیٹ (1917-1948) کے دور کی پالیسیوں پر 2 ٹریلین پاؤنڈ ہرجانے کا مطالبہ سامنے آیا ہے، جبکہ اٹلی میں وزیراعظم جارجیا میلونی کے فلسطینی ریاست کو تسلیم نہ کرنے کے فیصلے پر شدید مظاہرے پھوٹ پڑے۔
پیر کے روز ہزاروں مظاہرین اٹلی کے مختلف شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے ’’فلسطین آزاد کرو‘‘ کے نعرے لگائے، بندرگاہوں کو بند کیا، ٹرانسپورٹ سسٹم مفلوج کر دیا اور کئی مقامات پر پولیس سے جھڑپیں ہوئیں۔ میلان میں مرکزی ریلوے اسٹیشن پر پولیس نے آنسو گیس استعمال کی جبکہ مظاہرین نے کھڑکیاں توڑ ڈالیں۔ ریاستی میڈیا کے مطابق 60 سے زائد پولیس اہلکار زخمی اور متعدد گرفتاریاں ہوئیں۔
وینس، جینوا، لیورنو اور بولونیا میں بھی مظاہرین نے سڑکیں اور ریلوے ٹریک بند کر دیے، جس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ مظاہرے اس وقت ہورہے ہیں جب برطانیہ سمیت کئی یورپی ممالک نے اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ اب صرف مشرق وسطیٰ تک محدود نہیں رہا بلکہ یورپ کی سیاست اور معیشت پر بھی گہرے اثرات ڈال رہا ہے۔