وزیراعظم مودی: ’’جی ایس ٹی بچت ہر گھر کو فائدہ عوام کو بڑی راحت

وزیراعظم نریندر مودی نے اعلان کیا ہے کہ نئے جی ایس ٹی اصلاحات کے نفاذ سے عوام کو براہِ راست فائدہ ہوگا اور ہر طبقہ کسان، خواتین، نوجوان، متوسط طبقہ اور چھوٹے تاجر اس سے مستفید ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ اصلاحات پورے ملک میں ایک "جی ایس ٹی بچت اتسو” کا آغاز ہیں، جو لوگوں کی بچت میں اضافہ کریں گی اور ملک کی معیشت کو رفتار دیں گی۔
اہم بات یہ ہے کہ اب زیادہ تر اشیاء صرف دو ٹیکس سلیبز 5 فیصد اور 18 فیصد میں آئیں گی۔ روزمرہ استعمال کی چیزیں جیسے کھانے پینے کی اشیاء، دوائیاں، صابن، ٹوتھ پیسٹ، انشورنس اور کئی ضروری سامان یا تو ٹیکس فری ہوں گے یا کم سے کم 5 فیصد والے زمرے میں شامل کیے گئے ہیں۔
مودی نے کہا کہ اس اصلاح کے بعد چھوٹے کاروبار، دکاندار اور ایم ایس ایم ای سیکٹر کو بھی بڑا فائدہ ہوگا کیونکہ ٹیکس کم، قیمتیں کم اور قوانین آسان ہوں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس تہوار کے موقع پر زیادہ سے زیادہ سوادیشی مصنوعات خریدیں تاکہ مقامی کاریگروں اور مزدوروں کو سہارا ملے۔